ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی اور سلامی بلے باز کے ایل راہل کے بعد اب
ٹیم کے اسٹار گیند باز آر اشون بھی آئی پی ایل سے باہر ہو گئے ہیں۔ اشون
اسپورٹس ہرنیا کی وجہ سے آئی پی ایل کا حصہ نہیں ہوں گے۔اشون نے اس ٹیسٹ
سیزن میں 13 میچوں میں ریکارڈ 82 وکٹ حاصل کئے۔ ساتھ ہی 738.2 اوور گیند
بازی کی ، جو کسی بھی گیند باز کی طرف سے سب سے زیادہ ہے۔ اشون کی غیر
موجودگی رائزنگ پونے سپرجائنٹس کو بھاری پڑسکتی ہے۔
ادھر لوکیش راہل بارڈر-گواسکر ٹرافی کے دوران کندھے میں چوٹ کی وجہ سے پانچ
اپریل سے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں اور اپنی ٹیم رائل چیلنجرس بنگلور
کے لیے مکمل ایڈیشن میں نہیں کھیل پائیں گے۔ کہا جارہا ہے کہ راہل چوٹ کی
سرجری کے لیے جلد لندن روانہ ہو سکتے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں
ختم ہوئی چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں چھ نصف سنچری بنانے والے راہل کو اس
دوران کندھے میں چوٹ لگ گئی تھی۔ ایسے میں انہیں
آئی پی ایل کے 10 ویں
ایڈیشن سے پوری طرح باہر رہنا ہوگا۔
بنگلور کی ٹیم کو بھی راہل کی چوٹ کا پہلے سے اندیشہ تھا اور ٹیم کو اس بات
کا خدشہ تھا کہ بلے باز پورے سیشن کے لئے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو سکتے هے۔
24 سالہ راہل کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران ہی کندھے میں چوٹ
لگ گئی تھی لیکن اس کے باوجود انہوں نے پوری سیریز میں کھیلنا جاری رکھا۔
راہل نے دوسرے بنگلور ٹیسٹ میں دو نصف سنچری بنائی تھی لیکن ساتھ ہی بتایا
کہ ان کی چوٹ کی وجہ سے وہ بڑے شاٹس نہیں کھیل پا رہے ہیں۔
بنگلور کے لیے راہل کا جانا ایک جھٹکے کی طرح ہے کیونکہ اس کے کپتان وراٹ
کوہلی بھی سیریز کے دوران کندھے میں چوٹ لگا بیٹھے تھے اور چوتھے ٹیسٹ میں
اس وجہ سے انہیں باہر بیٹھنا پڑا تھا۔ خود وراٹ کہہ چکے ہیں کہ انہیں پوری
طرح ٹھیک ہونے میں کچھ ہفتے لگ سکتے ہیں اور آئی پی ایل کے ابتدائی میچوں
میں وہ بھی نہیں کھیلیں گے جو ٹیم کیلئے مشکل ہوسکتا ہے۔